کراچی: جمعة الوداع پر ملک بھر میں نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی اور سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ملک بھر کی جامع مساجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینیوں سے اظہار یک جہتی کے لیے آج یوم القدس بھی منایا جائےگا جس کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظاہرے ہوں گے۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق، یاسین ملک اور دیگر نے آج یوم کشمیر و فلسطین منانے کی اپیل کی ہے۔اسلام آباد کی فیصل مسجد میں بڑے اجتماع کے موقع پر واک تھرو گیٹس نصب کردیے گئے جب کہ شہر کے تمام سیکٹرز میں مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور 400 اہلکار سیکیورٹی کے لیے تعینات ہونگے۔کراچی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد یوم القدس کی مناسبت سے ریلی کیپری سے تبت سینٹر تک نکالی جائے گی جب کہ ٹریفک پولیس نے متبادل روٹ بھی جاری کردیے۔