وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ایک بار پھر زور دیا ہے کہ 30 جون تک سب لوگ اپنے اثاثے اور بے نامی اکاؤئنٹس ظاہر کرنے کی سکیم میں شرکت کریں۔
قوم کے نام اپنے تازہ پیغام میں انہوں نے کہا کہ 30 جون کے بعد اثاثے ظاہر کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ لوگ ٹیکس نہیں دیں گے تو ملک اوپر نہیں اُٹھے گا۔
عمران خان کے مطابق بدقسمتی سے پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں لوگ سب سے کم ٹیکس اور سب سے زیادہ خیرات دیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پچھلے 10 سال میں پاکستان کا قرضہ 6 سے 30 ہزار ارب تک پہنچ گیا ہے۔ ہم سالانہ 4 ہزار ارب ٹیکس اکٹھا کرتے ہیں جس میں سے دو ہزار ارب ان (سابقہ حکومتوں) کے لیے ہوئے قرضوں کی ادائیگیوں میں چلا جاتا ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں کے متعلق ہمارے پاس بہت سی معلومات ہیں، پاکستانیوں کے بینک اکاؤنٹس کی معلومات آرہی ہیں جو پہلے کبھی کسی حکومت کے پاس نہیں تھیں۔‘
عمران خان کے مطابق ’بچ جانے والے پیسوں سے ملک کے اخراجات پورے نہیں کر سکتے۔ سکیم سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بچوں کا مستقبل بہتر بنائیں۔‘خیال رہے کہ عمران خان نے 30 مئی کو بھی قوم کے نام اپنے پیغام میں ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں حصہ لینے کی ہدایت کی تھی۔
انہوں نے کہا تھا کہ عوام کی کوئی معلومات سرکاری اداروں سے چھپی ہوئی نہیں ہیں اور بہتر ہے کہ وہ اپنے بے نامی اکاؤنٹس اور پراپرٹی ظاہر کر دیں، تو ان کو متعلقہ ادارے پریشان نہیں کریں گے۔
انہوں نے عوام کو پیغام میں یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنا بیرون ملک رکھا ہوا پیسہ واپس لا کر پاکستان کی خدمت کریں۔ ایسا کرنے سے پاکستان کے معاشی مسائل حل ہوں گے۔