Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ملک میں طاقتور احتساب کی بنیاد رکھ کر عمران خان نے وعدہ پورا کردیا: فواد

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہےکہ حمزہ، نواز شریف اور زرداری کی گرفتاری ملک کے روشن مستقبل کی علامت ہے جب کہ ملک میں ایک طاقتور احتساب کی بنیاد رکھ کر عمران خان اور پی ٹی آئی نے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کردیا۔اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ ’(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی والے دل پر ہاتھ رکھ کر کہیں یہ مقدمات جھوٹے ہیں، ان کے دل بھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے‘۔فواد چوہدری نے الزام لگایا کہ ’سندھ کا پیسہ مختلف اکاؤنٹس میں ڈالا گیا، ایف آئی اے نے پانچ ہزار اکاؤنٹس چیک کیے جس سے پتا چلا کہ 31 اکاؤنٹس میں پیس ہجارہا ہے اور یہ سب اکاؤنٹس زرداری اور بلاول ہاؤس سے لنک تھے، یہ پیسہ دبئی، لندن اور فرانس جارہا تھا یہ سندھ کے غریب لوگوں کا پیسہ تھا‘۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ’حمزہ، شہباز اور نوازشریف کا پیسہ کہاں جارہا تھا، یہ پیسہ بھی لندن اور مختلف ممالک جارہا تھا، یہ لوگ پاکستان کے لوگوں کی جیب سے پیسہ نکال کر اپنی جیبوں میں بھررہے تھے، جو پیسہ لوگوں کی غربت دور کرنے کے لیے آنا تھا، جہاں اسکول اور اسپتال بننا تھا، لوگوں کی خدمت ہونا تھی، وہ نہیں ہوسکی اور پیسہ باہر سے نکلا‘۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ’دونوں خاندانوں کے حامیوں سے پوچھتا ہوں کس اخلاقی جرات کے ساتھ ان کا ساتھ دینے کی بات کررہے ہیں، کس اخلاقی جوازکے تحت بات ہورہی ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ سیاسی انتقام نہیں ہے، پچھلی حکومت میں دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے کو بلیک میل کرنے کے لیے کیسز بنائے، مشرف نے جب نواز شریف کو گرفتار کیا تو احتساب نہیں ہوا ڈیل ہوئی‘۔

Exit mobile version