لاہور: چنیوٹ میں مائنز ٹھیکہ کیس میں گرفتار وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے وزارت استعفیٰ دے دیا۔گزشتہ روز نیب حکام نے وزیرجنگلات پنجاب سبطین خان کو چنیوٹ میں مائنز ٹھیکہ کرپشن کیس میں گرفتار کیا تھا جنہیں آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔اس دوران نیب حکام نے عدالت سے سبطین خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت میں پیشی کے دوران سبطین خان نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے، نیب گرفتاری کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوتا ہوں۔اس موقع پر سبطین خان نے وزارت سے مستعفی ہونے کے لیے استعفے پر دستخط کیے جسے وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار اور پارٹی قیادت کو ارسال کردیا گیا ہے۔دوسری جانب سے عدالت نے نیب کی جانب سے سبطین خان کے ریمانڈ کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزم کو 10 روز کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔احتساب عدالت نے سبطین خان کو 25 جون کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔