چار میچز جیت کر بھی معاملات اپنے ہاتھ میں نہیں ہوں گے: وسیم اکرم

مانچسٹر: سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم پر تنقید کر کر کے تھک چکا ہوں، اب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ورلڈکپ میں سفر کافی مشکل ہوگیا ہے۔وسیم اکرم نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ میں پانچ بولرز کے ساتھ جا کر ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، پانچ بولرز کا مطلب آپ کم بیٹسمین کے ساتھ جارہے ہو، فیلڈنگ کے دوران حاضر دماغی بہت ضروری ہے۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میں یہاں پہلے کھیلا ہوں، مجھے معلوم ہے یہاں کی کنڈیشن مختلف ہیں، کوئی پوچھ لیتا تو بتاتا، اب چار میچز جیت کر بھی معاملات اپنے ہاتھ میں نہیں ہوں گے۔وسیم اکرم نے پاکستانی ٹیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلووز پہن کر کون فیلڈنگ کرتا ہے؟ پاکستانی انر پہن کر فیلڈنگ پریکٹس کرتے ہیں، کیا محلے کی کرکٹ کھیل رہے ہیں؟ امام الحق پٹیاں باندھ کر آگئے تھے، تھوڑا بہت درد برداشت کرو، عمران خان، جاوید میانداد سب درد پر کنٹرول کر کے کھیلتے تھے۔انہوں نے پاکستانی ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان کی ورلڈ کپ میں پراگریس پاکستان کے کنٹرول میں نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں