کوئٹہ: بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا جس کا کل حجم 395 ارب روپے سے زائد ہے۔وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی شام 4 بجے ایوان میں بجٹ پیش کریں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق بلوچستان کے بجٹ میں وفاق سے محصولات کی مد میں 304 ارب روپے ملنے کا امکان ہے جبکہ بجٹ میں تنخواہیں وفاق کی طرز پر بڑھائے جانے کی تجویز ہے۔نئے بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 295 ارب اور ترقیاتی بجٹ کیلئے 100 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے، صوبے کے اپنے وسائل سے 20 ارب روپے کی آمدن کی توقع بھی کی جارہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھ ہزار نئی ملازمتیں جبکہ تعلیم کیلئے 60 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔بجٹ 20-2019 میں امن و امان کے لیے 40 ارب، صحت کیلئے 24 ارب اور جنرل ایڈمنسٹریشن کیلئے 20 ارب روپے جب کہ بجٹ خسارہ 60 ارب تک ہونے کا امکان ہے۔