Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ٹیکس نفاذ کے خلاف انجمن تاجران پاکستان کی اپیل ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال

اضافی ٹیکس اور اس حوالے سے حکومتی پالیسی کے خلاف انجمن تاجران پاکستان کی کال پر ملک بھر کے تاجر ہڑتال کررہے ہیں۔کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں تاجروں نے کاروبار جزوی طور پر بند کررکھے ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔سینیئر نائب صدر انجمن تاجران سندھ نے آج صوبے بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، آج کی ہڑتال وفاقی حکومت کو آئنیہ دکھا دے گی۔کراچی میں انجمن تاجران، تاجر ایکشن کمیٹی اور صدر طارق روڈ الائنس کی کال پر آج مارکیٹیں بند رہیں گی جب کہ شہر کی چھوٹی بڑی دکانیں بھی بند ہیں۔سندھ میں ٹھٹھہ، نوابشاہ، حیدرآباد، گھارو، دھابے جی، گجو، مکلی اور میرپور ساکری میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ ہڑتال کے باعث کراچی، حیدرآباد اور سکھر جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہیں۔گوجرانوالہ، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ، وطنی، نوشہرو فیروز، وہاڑی، میاں چنوں راولپنڈی، خانیوال، غلہ منڈی اور سبزی منڈی میں بھی بازار مکمل طور پر بند ہیں۔قصور، راجن پور اور شورکٹ میں بھی انجمن تاجران کی جانب سے ٹیکسز کےخلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ملتان میں آل پاکستان انجمن تاجران، ٹریڈرزالائنس، چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کی جانب سے ہڑتال کی کال پر کاروبار بند ہے۔ملتان کے علاقے گھنٹہ گھر،حسین آگاہی،گلگشت، ممتازآباد، گلشن مارکیٹ میں تمام دکانوں پر تالے ہیں۔ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تاجر برادری کی جانب سے ٹیکسس میں اضافے کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

Exit mobile version