لاہور میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث شہر بھر میں بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہوگیا۔لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع جب کہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔لیسکو حکام کے مطابق بارشوں کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ہے اور 150 سے زائد فیڈرز سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ ختم ہونے کے بعد بجلی کی مکمل فراہمی شروع ہو جائے گی۔محکمہ موسمیات کے مطابق گلبرگ میں 74، سمن آباد میں 69، ائیر پورٹ پر 52، جیل روڈ پر 58، تاج پورہ میں 33 اور اقبال ٹاؤن میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے شہر میں جمعرات تک تیز بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔