خیبرپختونخوا میں ضم شدہ قبائلی علاقوں کی تاریخ میں پہلی بار صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔صوبائی اسمبلی کے 16 حلقوں میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہے گا۔ضلع باجوڑ میں صوبائی اسمبلی کی تین، ضلع مہمند میں دو، ضلع خیبر میں تین، ضلع کرم میں دو اور ضلع اورکزئی میں ایک صوبائی نشست کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ضلع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی دو دو نشستوں کیلئے پولنگ ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ سابق فرنٹیر ریجن میں ایک صوبائی نشست رکھی گئی ہے۔ پی کے 115 کے علاقوں میں جانی خیل، بٹہ خیل، جنگل خیل، تحصیل لالچی، تحصیل گمبٹ اور تحصیل درہ آدم خیل شامل ہیں۔عام نشستوں پر 282 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ خواتین کی 22 اور اقلیتوں کی 6 مخصوص نشستیں ہیں۔16 حلقوں میں انتخابات کیلئے 1897 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 464 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ایک ہزار 39 مخلوط پولنگ اسٹیشن ہیں جب کہ صرف مردوں کے لیے 482 اور خواتین کے لیے مختص 376 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز کے باہر فوج تعینات ہے جب کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کے اندر بھی فوج تعینات ہے۔تمام پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جب کہ ووٹنگ کے لیے 28 لاکھ 91 ہزار بیلٹ پیپرز پرنٹ کرائے گئے ہیں۔