تتہ پانی(عتیق احمد ملک)لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جارحیت جاری، تتہ پانی ، گوئی ،درہ شیرخان ،سہڑہ سیکٹرز کے سویلین آبادی کے علاقوں پر بھارتی افواج کی شدید گولہ باری ، ایک خاتون شہید جبکہ دو خواتین سمیت تین افرادزخمی، متعدد مکانات ودکانوںکو شدید نقصان پہنچا ، اور مویشی ہلاک وزخمی ہوئے، گولہ باری سے تمام علاقے لرز اٹھے، عوام گھروں کے اندر محصور ،تمام معمولات زندگی بھی مفلوج ہوکررہ گئے ، تتہ پانی بٹل مدارپور اورتتہ پانی ہجیرہ روڈ پرٹریفک گھنٹوں تک معطل رہی، مسافروں کو شدید مشکلات کاسامنا، پاک فوج کی جانب سے بھی موثر جوابی کاروائی کی گئی ، تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے ، بدھ کے روز سہ پہر کے وقت اچانک بھارتی افواج نے تتہ پانی ، گوئی ،درہ شیرخان ،سہڑہ سیکٹرز میںگولہ باری شروع کردی ، بھارتی افواج نے ہیوی توپ خانے سے ان سیکٹرز کے سویلین آبادی کے علاقوں رڈ کھٹار، ندھیری، سہنی، کنیٹ، برموچ ، گرھڈ جنجوڑہ، دھناء کالونی، چکڑالی، درہ شیرخان، سہڑہ ٹائیکوٹ وغیرہ کو نشانہ بنایا اور ان علاقوں پر اندھا دھند گولے برسائے ، جس کے نتیجہ میں کٹھار گوئی میں ایک مکان پرگولہ گرنے سے 70سالہ خاتون جان بیگم زوجہ گودی خان شہید ہوگئی ، جبکہ سہڑہ ٹائیکوٹ میں بھی ایک مکان پر گولہ گرنے سے سردار محمد نسیم ولد محمد حسین عرف مہندی اور اسکی بیوی پروین اختر(مینہ بیگم)زخمی ہوگئے ، جنہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا،درہ شیرخان کی رہائشی خاتون یاسمین اختر زوجہ محمد اخلاق گولے کا ٹکڑا لگنے سے معمولی زخمی ہوئی، گولہ باری سے رڈ کٹھار گوئی کے شاہد اقبال، منور حسین ، محمد خالق، دھناء تتہ پانی سے ملک محمد اکبر ، یاسرحسین ، محمد صغیر، چوہدری خوشی محمدرحمان شفیع ، یاسین شفیع اور جبردرہ شیرخان سے سردار شاہ امیرخان ولدشیردل سمیت دیگر متعدد افراد کے مکانوں ودکانوں کو شدید نقصان پہنچا، اور مویشی ہلاک وزخمی ہوئے،گولہ باری سے تمام علاقے لرز اٹھے، اور میدان جنگ کا سماں پیش کرتے رہے،عوام گھروں کے اندر محصوررہے ،تمام معمولات زندگی بھی مفلوج ہوکررہ گئے ، تتہ پانی بٹل مدارپور اورتتہ پانی ہجیرہ روڈ پرٹریفک گھنٹوں تک معطل رہی، مسافروں کو شدید مشکلات کاسامناکرنا پڑا، پاک فوج کی جانب سے بھی موثر جوابی کاروائی کی گئی، آخری اطلاعات تک گولہ باری کا سلسلہ جاری تھا۔