اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ لاہور میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز بارش نے جھل تھل ایک کر دیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، گوجرہ، میاں چنوں، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بورے والا، راجن پور، جہانیاں اور حافظ آباد میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔اسلام آباد کے ایک گھر کے تہہ خانے میں پانی بھر جانے سے خاتون اور بچہ جاں بحق اور 6 افراد بے ہوش ہو گئے۔ادھر لاہور کے علاقے مومن پورہ میں بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تمام افراد کو ملبے سے نکال لیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچوں میں 6 سالہ خرم شہزاد، 8 سالہ ہارون اور 10 سالہ ثانیہ شامل ہیں جب کہ بچوں کی ماں اور دیگر 6 بچے زخمی ہو گئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر سروسز اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔