کراچی میں ایک روز کی بارش نے شہر کا نظام دگرگوں کردیا جس سے بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بھی 11 ہوگئی جب کہ شہر میں آج بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں راجستھان سے آنے والابارش کا سسٹم کمزور ہوگیا ہے، بارش کے سسٹم کا کچھ حصہ سمندر کی طرف چلا گیا ہے جب کہ کچھ شہر کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے باعث آج شام موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ شہر میں شام 5 بجے تک گرج چمک کے ساتھ بادل برس سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ آج شام کے بعد درمیانے درجے کی بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے لہٰذا منگل اور بدھ کی درمیانی شب سسٹم ختم ہونے کا امکان ہے۔