بھارتی ائر فورس کے طیارے دو روز سے مقبوضہ کشمیر کی فضائوں میں گشت کر رہے ہیں
یاتری اور سیاح وادی کشمیر سے” جتنا جلد ہوسکے نکل جائیں محکمہ داخلہ کی ایڈوائزری
یہ 35 اے کا معاملہ نہیں ہے ایسے میں محسوس ہوتا ہے کہ کچھ اور ہے عمر عبداللہ کا ردعمل
سری نگربھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مزید فورسز اہلکاروں کی تعیناتی کے بعد فوج اور فضائیہ کوبھی مقبوضہ علاقے میں ہائی الرٹ کر دیاہے۔ بھارتی پیرا ملٹر ی کے مزید28 ہزار اہلکار سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوںمیں تعینات کیے جا رہے ہیں ۔سرینگر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پربھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ کنٹرول لائن پر تعینات بھارتی فوج کوبھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ بھارتی ائر فورس کے طیارے جمعرات کی شام سے مقبوضہ کشمیر کی فضائوں میں گشت کر رہے ہیں ۔ دریں اثنابھارت اپنی پیرا ملٹری کی مزید 280سے زائد کمپنیاں مقبوضہ وادی میں تعینات کر رہا ہے ۔ قبل ازیں چندروز قبل پیرا ملٹری کے دس ہزار اہلکار وادی میں تعینات کیے گئے تھے اور اب مزید 28ہزار اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ داخلہ نے بھارتی ہندو یاتریو ں کو بھی فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے نکل جانے حکم دیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں تقریبا دو لاکھ ہندو یاتروی امرناتھ یاترا کے لیے موجود ہیں ان یاتریوں نے اگست کے آخر میں واپس جانا تھا۔ محکمہ داخلہ نے جمعہ کوسیاحوں اور امرناتھ یاتریوں کے نام ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یاتری اور سیاح وادی کشمیر سے” جتنا جلد ہوسکے نکل جائیں”۔محکمہ داخلہ کے سیکریٹری کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں لکھا ہے کہ” سیاحوں اور یاتریوں کو کشمیر سے جتنا جلد ہوسکے نکل جانا چاہئے”۔ایڈوازری میں مزید لکھا ہے کہ” سیاحوں اور یاتریوں پر حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں” ۔ایڈوائزری کے مطابق وادی کشمیر میں ”موجودہ صورتحال کے پس منظر” میں سیاحوں اور یاتریوں کو صلاح دی جاتی ہے کہ وہ یہاں سے نکل جائیں۔ مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے ٹویٹ کی ہے کہ کشمیر میں بھارتی فوج کوبھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے ۔دوسری طرف مزید فوجی دستوں سمیت ائیر فورس کو بھی بلایا گیا ہے.عمر عبداللہ کے مطابق یہ 35 اے کا معاملہ نہیں ہے ایسے میں محسوس ہوتا ہے کہ کچھ اور ہے۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے اسلام آباد قصبے سے معروف صحافی قاضی شبلی کو گرفتار کرلیا ہے