Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ایل این جی کیس: ضمانت مسترد ہونے پر ن لیگی رہنما مفتاح اسماعیل گرفتار

ایل این جی کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد سابق مشیر خزانہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کو گرفتار کر لیا گیا۔ایل این جی کیس میں مفتاح اسماعیل کی جانب سے دائر ضمانت میں توسیع کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔سماعت کے موقع پر جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ یہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست ہے، نواز شریف کیس میں سپریم کورٹ نے نیب کیسز میں ضمانت کا معیار طے کر دیا ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ آپ کو غیر معمولی حالات بھی بتانا ہوں گے۔ایل این جی کیس کے تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ایل این جی کی قیمتوں کا مارکیٹ سے موازنہ کرایا ہی نہیں گیا۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ اگر آج کوئی غلط کر رہا ہے تو وہ بھی کل پکڑے جائیں گے، مفتاح اسماعیل نے بورڈ میٹنگ کے منٹس شاہد خاقان عباسی کو ای میل کیے۔جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ یہ پی ایم کو ای میل کرنے کے بجائے چیئرمین نیب کو ای میل کرتے؟جسٹس محسن اختر کیانی مؤقف اختیار کیا کہ اس پراجیکٹ سے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان ہو رہا ہے تو موجودہ حکومت کیا کر رہی ہے؟انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ ایل این جی معاہدے پر دستخط کر رہے ہیں تو وہ بھی کل نیب کے ملزم ہوں گے۔مفتاح اسماعیل کے وکیل حیدر وحید نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب پہلے اسی عدالت میں بیان دے چکا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی گرفتاری نہیں چاہیے، نیب بتائے تب اور آج میں ایسا کیا نیا ہو گیا ہے؟

Exit mobile version