Site icon روزنامہ کشمیر لنک

مسلسل بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح 321 فٹ تک پہنچ گئی

کراچی: سندھ و بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں ایک ہفتے کی حالیہ بارشوں سے شہر قائد کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں مزید 3 فٹ پانی آگیا ہے اور اب ڈیم میں سطح آب 321 فٹ ہوگئی ہے۔واپڈا ذرائع کے مطابق رواں سال مختلف اوقات میں ہونے والی بارشوں سے حب ڈیم میں ایک اندازے کے مطابق 48 فٹ سے زائد پانی آچکا ہے اور ڈیم کو مکمل طور پر بھرنے کیلئے ابھی بھی 18 فٹ پانی درکار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال کے اوائل میں حب ڈیم میں پانی کی سطح 278 فٹ پر تھی اور ڈیم ڈیڈ لیول پر ہونے کی وجہ سے کراچی کو پانی کی سپلائی بند کردی گئی تھی۔رواں سال فروری میں بلوچستان اور گردونواح میں ہونے والی بے موسمی بارشوں سے حب ڈیم میں 18 فٹ کی سطح تک کا پانی آیا تھا جس کے بعد کراچی کو پانی کی فراہمی شروع کردی گئی تھی۔واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کے پہاڑی سلسلے میں کئی ماہ سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارشوں سے ڈیم میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ایک ہفتہ قبل حب ڈیم میں پانی کی سطح 318 فٹ پر تھی اور گذشتہ چند دن کی بارشوں سے پانی تیزی سے حب ڈیم میں پہنچ رہا ہے۔

Exit mobile version