امریکا نے ایران کے مرکزی بینک اور دو مالیاتی اداروں پر پابندیاں عائد کر دیں جنہیں واشنگٹن کی جانب سے تہران پر اب تک کی سب سے بڑی معاشی پابندیاں قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایران پر معاشی پابندیاں سعودی آئل تنصیبات پر حملوں کے بعد سزا کے طور پر عائد کی گئی ہیں۔امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران کی معیشت تباہی کی جانب جا رہی ہے اور یہ سب ایران کو دہشت گردی سے روکنے کے لیے ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایران پر تاریخ کی سب سے زیادہ معاشی پابندیاں عائد کر دی ہیں اور ایران کے بہت سے مسائل اس کے خود پیدا کردہ ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران بہت اچھا اور امیر ملک ہو سکتا ہے لیکن وہ ایک مختلف راستہ اختیار کر رہے ہیں۔