مسلمانوں سے بدسلوکی کا الزام، امریکا نے 28 چینی کمپنیاں بلیک لسٹ کر دیں.واشنگٹن: امریکہ نے چین میں مسلمانوں سے بدسلوکی کے الزام پر چین کی 28 کمپنیوں کو بلیک لسٹ کردیا۔دوسری جانب امریکا کے اس اقدام پر چین نے اپنے شدید تحفظات اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے پیر کو چین کی کمپنیوں کو بلیک لسٹ کرنے کا اعلان کیا، اس اعلان کے بعد یہ کمپنیاں وفاقی حکومت کی منظوری کے بغیر امریکی کمپنیوں سے مصنوعات کی خرید و فروخت نہیں کرسکیں گی۔سیکریٹری خزانہ ولبور روز نے کہا ہے کہ امریکہ چین میں اقلیتوں پر ہونے والی بدسلوکی کو نہ تو برداشت کر سکتا ہے اور نہ اسے برداشت کرے گا۔اطلاعات کے مطابق امریکہ نے جن چینی کمپنیوں پر پابندی عائد کی ہے ان میں نگرانی کے آلات بنانے والی کمپنی ہک ویژن، مصنوعی ذہانت کی کمپنیاں میگوی ٹیکنالوجی اور سینس ٹائمز شامل ہیں۔