Site icon روزنامہ کشمیر لنک

اداکار احسن خان نے سالگرہ کا دن کینسر کے ننھے مریضوں کے نام کر دیا

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار احسن خان نے اپنی سالگرہ کا دن کینسر کے ننھے مریضوں کے ساتھ منا کر زندگی کے لیے لڑنے والے چھوٹے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیر دیں۔احسن خان نے انڈس اسپتال کراچی میں کینسر کے بچوں کے ساتھ مل کر اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا اور اس دوران وہ بچوں میں گھل مل گئے۔اس موقع پر اداکار احسن خان کا کہنا تھا کہ ان بچوں کو روزانہ زندگی کے لیے لڑتے ہوئے دیکھنا بے حد مشکل ہے، میرے لیے یہ اصل ہیرو ہیں اور یہ معصوم بچے پاکستان میں رہنے والے تمام لوگوں کے لیے ایک مثال ہیں۔احسن خان نے مزید کہا کہ میں کسی بھی طرح سے ان بچوں کی ہر ممکن مدد کرنے کا وعدہ کرتا ہوں اور میں انڈس اسپتال کا بے حد شکر گزار ہوں کہ وہ ان بچوں کے لیے کام کر رہے ہیں اور انہوں نے مجھے ان سے ملنے کا موقع دیا۔واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کورنگی میں واقع انڈس اسپتال میں غریب اور نادار مریضوں کی تمام تر بیماریوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے اور یہ اسپتال معاشرے میں موجود بہت سے لوگوں کی زندگیوں کے لیے ایک امید ہے۔یاد رہے کہ اداکار احسن خان فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے کافی سرگرم نظر آتے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ’ہیومن ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن‘ کے لیے فنڈ ریزنگ کے ایونٹ میں شرکت کر کے اس تقریب کو کامیاب بنایا تھا۔

Exit mobile version