Site icon روزنامہ کشمیر لنک

برطانوی شاہی جوڑے کی صدر اور وزیراعظم سے ملاقات

پاکستان کے چار روزہ دورے پر آئے برطانوی شاہی جوڑے نے آج صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن ایونِ صدر پہنچے تو صدر مملکت عارف علوی اور خاتون اول نے شاہی جوڑے کو خوش آمدید کہا۔صدر عارف علوی سے ملاقات کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ نے حکومت کے موسمیاتی تبدیلی اورغربت کے خاتمے کے لیے اقدامات کو سراہا۔بعدازاں شاہی جوڑے نے وزیراعظم ہاؤس کا دورہ کیا جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد دونوں نے وزیراعظم سمیت مختلف رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کی۔اس دوران شہزادی نے سبز اور سفید رنگ کا لباس زیب تن کیا جو پاکستان کے پرچم میں موجود رنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔اس سے قبل برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے یونیورسٹی کالونی اسلام آباد میں ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا اور وہاں طالبات سے ملاقات کی جب کہ کالج انتظامیہ نے شاہی جوڑے کو پاکستان میں تعلیمی نظام سے آگاہ بھی کیا۔اس دوران شاہی جوڑے نے کالج کے مختلف حصے دیکھے اور ریاضی کی کلاس کا جائزہ بھی لیا۔گرلز کالج کے دورے پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے مشرقی لباس کا انتخاب کیا اور نیلے رنگ کی خوبصورت قمیض شلوار اور دوپٹہ زیب تن کیا جو مقامی ڈیزائنر ماہین خان نے ترتیب دیا۔نیلے رنگ کے مشرقی لباس میں شہزادی انتہائی دلکش دکھائی دیں اور ان کا لباس سب کی توجہ کا مرکز رہا۔

Exit mobile version