قومی احتساب بیورو ( نیب )نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے خلاف انکوائری میں دو اہم افراد کی گرفتاریاں کرلی گئیں۔سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے خلاف بطور سابق وزیر ہاؤسنگ انکوائری کی جارہی ہے اور ان پر بطور وزیر غیرقانونی تعیناتیوں کے الزام ہے۔نیب حکام کےمطابق مختار بادشاہ خٹک اورمحمد عاطف ملک کو گرفتارکرلیا گیا ہے ۔حکام کےمطابق مختار بادشاہ پر بطور ممبر ڈپارٹمنٹل سیلیکشن کمیٹی اور چیف ایڈمن پاک پی ڈبلیو ڈی غیر قانونی تقرریوں کا الزام ہے جب کہ محمد عاطف ملک پردرخواست گزاروں کوپی ڈبلیو ڈی میں نوکریوں کے لیے جعلی دستاویزات دینے کا الزام ہے۔یاد رہے کہ نیب نے اکرم خان درانی اور ان کے بیٹے بنوں سے رکن قومی اسمبلی زاہد درانی کو گزشتہ ماہ طلبی کے نوٹسز جاری کیے تھے۔نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کی تحقیقات اور ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے دو منصوبوں ٹھیلیاں اور بہارہ کہو پراجیکٹ سے متعلق اکرم خان درانی کو 7 اکتوبر پر طلب کیا تھا جہاں ان سے نیب راولپنڈی کی ٹیم نے 4گھنٹوں سے زائد وقت تک پوچھ گچھ کی ۔