وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔گزشتہ روز نواز شریف کو طبیعت ناساز ہونے پر نیب حکام نے انہیں سروسز اسپتال لاہور منتقل کیا تھا جب کہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پلیٹلیٹس 12 ہزار سے بھی کم رہ گئے ہیں۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے سوشل میڈیا پر ایک رپورٹ پوسٹ کرتے ہوئے والد کو زہر دیئے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی نواز شریف کی صحت کے حوالے سے جاری بیان میں کہا تھا کہ اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو عمران خان کو قتل کا ذمے دار ٹھہرائیں گے۔اب ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سروسز اسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ نواز شریف کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ علاج کے حوالے سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے ذاتی معالج سے بھی مشاورت کی جائے۔عثمان بزدار نے امید ظاہر کی ہے کہ نواز شریف کے ذاتی معالج بھی اس حوالے سے تعاون کریں گے۔