Site icon روزنامہ کشمیر لنک

پی فائیو ممالک بھارت سے مبینہ لانچ پیڈز کی تفصیل لے کر دیں: پاکستان

پاکستان نے سلامتی کونسل کے پانچ مستقل اراکین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارت سے مبینہ لانچ پیڈزکی تفصیل حاصل کرکے دیں۔بھارتی آرمی چیف نے آزاد کشمیر میں عام آبادی کو ہدف بنانے کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوج نے دہشت گردوں کے مبینہ لانچنگ پیڈز کو نشانہ بنایا لیکن پاکستان نے اگلے ہی روز اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفارت کاروں اور میڈیا نمائندوں کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروا کر بھارتی آرمی چیف کا جھوٹ بے نقاب کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے نیوز بریفنگ میں کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کے کنٹرول لائن پرمبینہ لانچ پیڈزکے دعوے کومسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے پی فائیوممالک بھارت سے مبینہ لانچ پیڈزکی تفصیل حاصل کرکے ہمیں دیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات زندگی مسلسل مخدوش ہیں اور وہاں 80 روز سے کرفیو نافذ ہے جب کہ آج بھی بھارتی قابض فورسز نے 3 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز کابینہ کے جلاس کے بعد بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کرتار پور راہدی کا افتتاح 9 نومبرکو کریں گے اور اس کے حوالے سے معاہدے کی منظوری دی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کرتارپور راہداری معاہدے پر کل دستخط ہوجائیں جس کے بعد اس کے افتتاح کی مزید تفصیلات طے کی جائیں گی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کے لیے کوششیں جاری ہیں جب کہ پاکستان افغان امن عمل کا حصہ رہا ہے اور ماسکو افغان مذاکرات میں شامل ہو گا۔

Exit mobile version