لاہور: حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا طبی معائنہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل رات گئے مریم نواز کو والد نواز شریف سے ملاقات کے لیے کوٹ لکھپت جیل سے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کی اپنی طبیعت ناساز ہو گئی تھی۔سروسز اسپتال میں مریم نواز کے مختلف ٹیسٹ کئے گئے تھے اور بعدازاں تمام ٹیسٹ رپورٹس کو نارمل قرار دیکر مریم نواز کو دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔تاہم مسلم لیگ ن کا مؤقف ہے کہ طبیعت خراب ہونے کے باوجود مریم نواز کو اسپتال سے جیل منتقل کیا گیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اب پنجاب حکومت نے مریم نواز کوطبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مریم نواز کی اسپتال منتقلی کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور نے مشاورت کے بعد کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ مریم نواز، والد نواز شریف کے ساتھ والے کمرے میں رہیں گی۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسپتال میں مریم نواز کے ضروری ٹیسٹ کیے جائیں گے اور نواز شریف سے ملاقات بھی کروائی جائے گی۔نواز شریف کو 21 اکتوبر کو طبیعت خراب ہونے پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ اسپتال کے وی آئی پی روم ایک میں زیر علاج ہیں۔