Site icon روزنامہ کشمیر لنک

شرجیل خان کو کلب کرکٹ کھیلنے کی اجازت مل گئی

کرکٹ کرپشن میں سزا یافتہ ٹیسٹ اوپنر شرجیل خان پاکستانی ٹیم میں واپسی کیلئے مراحل طے کرتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن اینڈ سیکیورٹی یونٹ کے ری ہیب پروگرام میں شرجیل خان نے دوسری کوشش میں ٹیسٹ پاس کیا جس کے بعد اب انہیں بہاولپور، شیخوپورہ اور کراچی میں کھلاڑیوں کو لیکچرز دینا ہوں گے۔محمد عامر، سلمان بٹ اور محمد آصف کی طرح لیکچرز میں وہ کھلاڑیوں کے سامنے ندامت کا اظہار کریں گے اور انہیں بتائیں گے کرپشن انہیں نشان عبرت بناسکتی ہے، جس کی سب سے بڑی مثال میں ہوں۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی کہ شرجیل خان ری ہیب پروگرام کے بعد کلب کرکٹ کھیلنے کے اہل ہوگئے ہیں، لیکچرز ان کی زندگی کا سب سے تلخ تجربہ ہوگا جس میں وہ جونیئر کھلاڑیوں کو بتائیں گے میرا کرکٹ سے کتنا نقصان ہوا ہے اور اس گھناؤنے دھندے کے اثرات کس قدر بھیانک ہیں۔انہیں پاکستانی ٹیم کے ساتھ ملاقات کرنی ہوگی اور سماجی خدمات کے طور پر یتیم خانے کا دورہ بھی کرنا ہوگا۔توقع ہے کہ وہ اپنے شہر حیدرآباد میں کلب میچ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، اس وقت شرجیل خان حیدرآباد کی پریکٹس پچوں پر گھنٹوں بیٹنگ پریکٹس کررہے ہیں اور اپنی فٹنس بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

Exit mobile version