وفاقی بیوروکریسی نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو حکومتی ایجنڈے پر عمل درآمد میں رکاوٹ قرار دے دی.دستاویز کے مطابق سیکریٹریز کمیٹی اجلاس میں سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کی سربراہی میں سیکریٹری دفاع، خارجہ، داخلہ اور صنعت و پیداوار پر مشتمل کمیٹی نے نیب اور بیوروکریسی سے متعلق رپورٹ پیش کی جس کی کمیٹی نے اتفاق رائے سے توثیق کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ سازی کیلئے بیوروکریسی کو منصفانہ اور سازگار ماحول کی فراہمی ضروری ہے لیکن بد قسمتی سے نیب نے فیصلہ سازی میں شامل ہر فرد سے سوالات کرنا شروع کردیے ہیں، معمولی وجوہات پر بیورو کریسی کو سمن اور گرفتاریاں ناقابل قبول ہیں، افسران کو بغیر ٹھوس ثبوت کے بلایا اور ڈرایا جاتا ہے۔رپورٹ کے مطابق سیکریٹریز کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ موجودہ حکومت قانون کی عمل داری اور معاشی انصاف کے ایجنڈے کے ساتھ اقتدار میں آئی ہے لیکن نیب کے اقدامات سے حکومت اپنے ایجنڈے پر عمل درآمد کے قابل نہیں رہے گی اور اس کے منفی اثرا ت بالا آخر عوام پر ہی پڑیں گے۔