Site icon روزنامہ کشمیر لنک

نوازشریف کے معاملے پر گیند (ن) لیگ کے گراؤنڈ میں پھینک دی: فردوس عاشق

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ نوازشریف کے معاملے پر حکومت نے بال مسلم لیگ ن کے گراونڈ میں پھینک دی ہے اب دیکھتے ہیں وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تاثر دیا جارہا ہے حکومت نے نواز شریف کے علاج پر سیاست کررہی ہے، وزیراعظم نے سیاست کے بجائے انسانی ہمدری کو فوقیت دی اور نواز شریف کی صحت کے اوپر سیاست سے منع کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کا ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ نہیں، نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی، ن لیگی ترجمان اس پر تمسخر اڑا کر سیاست کر رہے ہیں، ن لیگ سے ہمارا میچ نہ ٹی ٹونٹی ہے نہ ہی ون ڈے، ہماری یہ ایک لمبی سیریز ہے جو چلتی رہے گی۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف اور نواز شریف کے کیسز میں بنیادی فرق ہے اور حکومت نے اس معاملے میں قائد و ضوابط کے مطابق فیصلہ کیا۔فردوس عاشق عوان نے مزید کہا کہ آج شہباز شریف انا کی چھتری سے باہر نکل کر فیصلہ کریں، اس پنجہ آزمائی میں میاں صاحب کی صحت خراب نہیں ہونی چاہیے، بال مسلم لیگ ن کے گراونڈ میں پھینک دی ہے، دیکھتے ہیں وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں۔آزادی مارچ کے خاتمے پر انہوں نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بڑے بے آبرو ہو کر تیرے کوچے سے ہم نکلے‘، مولانا کے لیے دعا گو ہوں کہ اللہ ان کو قومی سلامتی سے جڑے بہتر فیصلے کرنےکی توفیق عطا فرمائے، ہمیں توقع ہےکہ ان کا پلان بی بھی اسی طرح فلاپ ہوگا، عوام اس طرح کےسیاسی ڈراموں کی قسطیں کو پہچانتے ہیں، مولانا صاحب 13 کے اسکور پر آپ بولڈ ہوگئے ہیں،عمران خان نے 126 اسکور کرکے سنچری بنائی تھی۔

Exit mobile version