شمالی افریقی ملک تیونس میں سیاحوں سے بھری بس کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 24 مسافر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔حکومتی ترجمان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس کے مسافر ملک کے مغربی حصے میں گھومنے پھرنے کی غرض سے سفر کر رہے تھے کہ اس دوران ان کی بس کو حادثہ پیش آگیا۔حکام نے مزید بتایا کہ مسافر بس کا ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹنے میں ناکام رہا اور بس گہری کھائی میں جا کر تباہ ہوگئی۔تیونس کی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 43 افراد سوار تھے۔وزارت صحت کے ترجمان چوکری نافطی نے بتایا کہ اس حادثے میں 24 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوئے جن میں سے کچھ کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جب کہ شدید زخمیوں کو تیونس کے خصوصی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ عین دراہم تونیسیا کا ایک خوبصورت سیاحتی مقام ہے جو الجیریا کی سرحد پر پہاڑی سلسلوں کی وجہ سے مشہور ہے، عین دراہم کرومیری پہاڑوں میں سے ایک دجبل بیر کی ڈھلوان پر 800 میٹرکی اونچائی پر واقع ہے۔