لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء نے جو ظلم کیا ایسا تو جنگ میں بھی نہیں ہوتا۔وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے آج پی آئی سی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپتال انتظامیہ اور عملے سے مذاکرات بھی کیے۔بعدازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرز کو مکمل سپورٹ کرے گی کیونکہ وکلاء نے اسپتال پر حملہ کر کے ظلم کیا ہے، وکلاء نے جو کیا ایسا تو جنگ میں بھی نہیں ہوتا، حملے کے ذمہ داروں کو ضرور سزا ملےگی۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ میں اسپتال انتظامیہ کو یقین دلانے آئی تھی کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے لیکن جب یہاں پہنچی تو میرے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔