جہاں ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے وہیں کراچی میں بھی سائبیرین ہواؤں کا راج ہے جس کے سبب سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور شہر کا درجہ حرارت 7.5 ڈگری تک گر گیا۔محکمہ موسمیات کے حکام کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 7.5 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔حکام کا کہنا ہےکہ شہر قائد میں شمال مشرقی علاقوں سے 8 کلومیٹر فی گھنٹےکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت کی شدت 6 ڈگری تک محسوس کی گئی اور امکان ہے کہ 15 سے 17جنوری کی رات درجہ حرارت 5 سے 6 ڈگری تک گرسکتا ہے جب کہ سردی کی لہر 22 جنوری تک رہ سکتی ہے۔