Site icon روزنامہ کشمیر لنک

چین میں کورونا وائرس سے مزید 57 افراد ہلاک، متاثرین کی تعداد 17 ہزار سے متجاوز

چین میں پراسرار کورونا وائرس سے مزید 57 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد موذی وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 360 سے تجاوز کر گئی ہے۔چینی حکام کے مطابق 56 افراد کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبے ہوبئی میں ہلاک ہوئے جب کی ایک شخص جنوب مغربی شہر چونگ چنگ میں ہلاک ہوا۔حکام کے مطابق چین میں کورونا وائرس سے ہلاک افرادکی تعداد 361 ہو گئی ہے جب کہ 2829 نئےکیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 17 ہزار 205 ہو گئی ہے۔دوسری جانب کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مشرق چین کے شہر وین ژو میں آمدورفت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔وین ژو شہر میں سڑکیں بند کر دی گئی ہیں اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کورونا وائرس سے فلپائن میں بھی ایک شخص ہلاک ہوا ہے جب کہ خطرناک وائرس اب تک 24 ممالک میں رپورٹ ہو چکا ہے۔چین کے علاوہ دیگر ممالک میں کورونا وائرس کے 149 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے۔چین کے بعد سب سے زیادہ 20 کیسز جاپان میں رپورٹ ہوئے، تھائی لینڈ میں کورونا کے 19 کیسز کی تصدیق ہوئی جب کہ امریکا میں بھی 9 افراد میں کورونا وائرس پایا گیا۔

Exit mobile version