Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کٹ، کاپی اور پیسٹ :کمپیوٹر ٹیکنالوجی کا عظیم محسن انتقال کرگیا

کمپیوٹر میں کٹ، کاپی اور پیسٹ آپشن کے موجد لیری ٹیسلر 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
کمپیوٹر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی کمانڈ کٹ، کاپی اور پیسٹ آپشن کے موجد لیری ٹیسلر 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
زیروکس کمپنی، جہاں لیری ٹیسلر کام کرتے تھے، نے ٹویٹ کے ذریعے ایک پیغام جاری کیا جس میں لکھا ہے کہ لیری کے انقلابی نظریات کی بدولت ہمارا کام آسان ہوگیا ہے۔
لیری ٹیسلر 24 اپریل 1945 میں امریکی شہر نیو یارک کے ضلع برونکس میں پیدا ہوئے۔اسٹینفورڈ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل لیری ٹیسلر نے کمپیوٹر اور انسان کے باہمی رابطوں میں مہارت حاصل کی جس کے بعد انہوں نے امیزون، ایپل، یاہو اور زیروکس پالو آلٹو ریسرچ سنٹر (پی اے آر سی) جیسی کمپنیوں کے ساتھ کام کیا۔
لیری ٹیسلر کے ذہن میں کٹ اور پیسٹ کمانڈ کا خیال دراصل پرانے زمانے کے کٹ پیسٹ کے طرز سے آیا جس میں طباعت شدہ متن کے مطلوبہ حصے کو کاٹ کر گوند کے ذریعے کہیں اور چسپاں کردیا جاتا تھا۔
ٹیسلر نے سب سے پہلے زیروکس کمپنی میں کام کیا۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق 1980 میں ایپل کمپنی کے شریک بانی اسٹیو جابز نے ان کو اپنے ساتھ کام کرنے کی پیشکش کی جس کو قبول کرتے ہوئے لیری ٹیسلر 17 سال تک بحیثیت چیف سائنسدان ایپل کمپنی سے منسلک رہے۔
کٹ کاپی پیسٹ کمانڈ کی مقبولیت میں اس وقت اضافہ ہو ا جب 1983 میں ایپل کے لیزا کمپیوٹر کے سافٹ وئیر میں اس کمانڈ کو متعارف کروایا گیااور پھر اگلے سال میکنٹوش میں بھی اس کمانڈ کا تسلسل برقرار رکھا۔
ٹیسلر نے امیزون اور یاہو کے صارفین کے تجربات کو بہتر بنانے کیلئے ایک تربیتی پرگرام کا بھی آغاز کیا جس میں مذکورہ بالا کمپنیوں کی ٹیکنالوجی کو بہتر بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

Exit mobile version