کراچی: صدر بس اڈے پر ایک بس سے 50 ہزار سرجیکل ماسک برآمد کر لیے گئے۔پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر صدر بس اڈے پر اسسٹنٹ کمشنر صدر آصف چانڈیو کی ٹیم کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کی گئی، اس دوران کوئٹہ سے کراچی آنے والی بس سے 50 ہزار سرجیکل ماسک برآمد کیے گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی میں کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا تاہم بس اڈے کے مالک سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ ماسک بھیجنے والے اور پیکٹس پر درج نمبرز سے متعلق تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پولیس نے کراچی میں اولڈ سٹی ایریا کے علاقے کھارادر سے سرجیل ماسک کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث 4 افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 20 ہزار سے زائد ماسک برآمد کیے گئے۔ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق کے بعد سے سرجیکل ماسک کی قلت ہوگئی ہے اور کچھ دکاندار اسے مہنگا فروخت کر رہے ہیں۔سندھ حکومت نے ماسک ذخیرہ کرنے والوں اور ان کی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔