سکردو: سکردو میں مہلک کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا ، پاکستان میں مہلک وائرس سےمتاثرہ افراد کی تعداد20 ہوگئی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق سکردومیں 14 سالہ زین میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔جس کے بعد تصدیق شدہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد گلگت میں 2 جبکہ پورے پاکستان میں 20ہوگئی ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوروناوائرس کے پھیلاؤ کا جائزہ لینے کے لئے آج اعلی سطح کا اجلاس طلب کرلیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس میں کوروناوائرس کی روک تھام ، احتیاطی تدابیراورزائرین کی واپسی سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ چیف سیکریٹری محکمہ صحت دیگر متعلقہ حکام اور انتظامی افسران اجلاس میں شریک ہونگے۔
گزشتہ روزکراچی میں کورونا وائرس کے 2 مزید کیسز کی تصدیق ہوئی ، جس کی وجہ سے سندھ میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے جو کہ ملک کے کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ ہے ۔ ملک بھرمیں رپورٹ شدہ کیسز کی تعدادکچھ یوں ہے : کراچی میں 15 ، اسلام آباد سے 2 ، گلگت اور اسکردو 2 جبکہ کوئٹہ سے 1 کیس رپورٹ ہوا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے مطابق عالمی سطح پر مہلک کورونا وائرس سے 4،000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 113،000 سے زیادہ کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دنیا بھر میں اس بیماری سے 64،000 سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔