Site icon روزنامہ کشمیر لنک

ڈبلیو ایچ او کے وفد کا کراچی ائیرپورٹ کا دورہ، اسکریننگ انتظامات پر اظہار اطمینان

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کا دورہ کیا اور وہاں پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لگائے گئے اسکریننگ کیمپس کا دورہ کیا اور مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر پالیتھا کا کہنا تھا کہ وہ کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات سے مطمئن ہیں اور انہوں نے اسکریننگ کرنے والے عملے کو ان کی کاوشوں پر سراہا ہے۔ڈاکٹر پالیتھا کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکام کو اسکریننگ کے حوالے سے چند تجاویز بھی دی ہیں لیکن انہیں اطمینان ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کافی تسلی بخش انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے لگائے گئے اسکریننگ کیمپس کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کی جانب سے عارضی طور پر بنائے جانے والے آئسولیشن رومز کا بھی معائنہ کیا۔اس موقع پر ان کے ساتھ عالمی ادارہ صحت کے سندھ میں ذیلی آفس کی نمائندہ ڈاکٹر سارہ سلمان سمیت صوبائی محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے۔ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا آج کراچی میں چند بڑے اسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیں گے جب کہ وہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔

Exit mobile version