معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چین میں کورونا وائرس کے باعث گزشتہ ماہ بند کئے گئے تمام 42 اسٹورز کھول دیئے۔چین ایپل کمپنی کی تیسری سب سے بڑی مارکیٹ ہے جہاں کمپنی نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے ایک کے بعد ایک اپنے اسٹورز بند کرنا شروع کردیئے تھے۔بعد ازاں ایپل نے گزشتہ ہفتے چین میں اپنے 38 اسٹورز کھولنا شروع کر دیئے تھے اور اب کمپنی کے ترجمان کے مطابق انہوں نے اپنے چار مزید اسٹورز کھول دیئے ہیں۔دوسری جانب اٹلی میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے امریکی کمپنی ایپل اٹلی میں اپنے 17 اسٹورز بند کرنے پر مجبور ہو گئی۔علاوہ ازیں ایپل نے اس ہفتے اپنے کئی دفاتر میں ملازمین کو گھر بیٹھے کام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔خیال رہے کہ چین میں64 ہزار افراد کےصحت یاب ہونے کے بعد کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 13ہزار 486 رہ گئی ہے جب کہ اٹلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 14 ہزار 955 تک پہنچ گئی ہے جو چین سے بھی زیادہ ہے۔دوسری جانب اٹلی میں اب تک ایک ہزار 266 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔