حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے لیے 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹس منگوا لی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ کے ذریعے آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت نے ایک نجی اسپتال کے تعاون سے کورونا وائرس کے لیے 10 ہزار ٹیسٹنگ کٹس منگوا لی ہیں۔صوبے میں کورونا ایمرجنسی کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی کے حکم کو کراچی والوں نے ہوا میں اڑا دیا، شہری صبح سویرے واک کے لیے پارکس اور سی ویو پر پہنچے۔گزشتہ شب پولیس نے رش کے باعث مختلف علاقوں میں ریستوران بند کرائے تھے۔دوسری جانب کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے پولیس افسران اور جوانوں کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کراچی پولیس چیف نے شادی ہال، تقریبات اور عارضی بازاروں پر کورونا کے پیش نظر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز کے باہر بھی پولیس کی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیال رہے کہ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 79 جب کہ ملک بھر میں 94 ہو گئی ہے۔