حکومت مزدورطبقے کی کفالت کیلئے اقدامات کرے،خالدندیم کاشر،محمدعدیل،سردارندیم کا موجودہ صورت حال پر میڈیاکوجاری بیان
یو اے ای(رضوان اشرف)یونائیٹڈ کشمیر پیپلز نیشنل پارٹی (UKPNP)متحدہ عرب امارات کے رہنمائوں برانچ صدر سردار رضوان خان، خالد ندیم کاشر، محمد عدیل، سردار ندیم خان نے اخبارات کو جاری بیان میں کہا ہے کہ جموں کشمیر کے پاکستانی زیر انتظام علاقوں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید فورسز طلب کرنے کی بجائے وہاں کے عوام کو ضروری اشیاء مہیا کی جائیں۔بنیادی سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے فرزند گلگت،ریاست جموں کشمیر کا ہونہار بیٹاڈاکٹر اسامہ جوکہ گلگت میں کرونا وائرس کے مریضوں کو دیکھ بھال کررہے تھے،خود اسی وائرس کا شکار ہو گئے، وہ اپنی جان کی بازی ہارگئے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کے حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں۔ اس نئے کرونا وائرس نے ایک کے بعد دوسرے ملک میں ظاہری استحکام کا پول کھولنا شروع کر دیا ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام کے تمام تضادات سطح پر آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماری اب تک زیادہ تر چین، ایران اور مغربی ممالک تک محدود رہی ہے۔ جب یہ کچی بستیوں، جھونپڑ یوں، افریقہ کے کیمپوں، برصغیر اور لاطینی امریکہ جیسے علاقوں میںپہنچے گی، جہاں حفظان صحت اور صفائی ستھرائی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں، تو ہمیں مزید بربادی دیکھنے کو ملے گی۔ ہلاکتوںکی تعداد لاکھوں تک پہنچ جائے گی۔ یہ بربادی اور افراتفری جنگی حالات جیسی ہو گی۔تمام جگہوں پر ہمیں یہ مطالبہ کرنا چاہیے کہ بستروں کی تعداد میں فوری طور پر اضافہ کیا جائے اور اگر ضروری ہو تو نئے ہسپتال بنانے چاہئیں، چاہے خالی عمارتوں اور ہوٹلوںمیں سب کو بیماری کی اجرت دی جائے۔ غیر مستقل افرادی قوت کو فوری طور پر مستقل کیا جائے اور جن کی نوکریاں چلی گئی ہیںانہیں بھی اجرت دی جائے۔تمام ضروری اشیا کی قیمتوں کو سختی سے کنٹرول کیا جائے۔ حفظان صحت کی مصنوعات اورمیڈیکل کا سامان بنانے والی فیکٹریوں کو تحویل میں لیا جائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت تمام ڈاکٹرز کوحفاظتی کٹ بروقت مہیا کرے،تاکہ دوسروں کی زندگیاں بچانے والوں کی اپنی زندگی محفوظ ہو گی تو وہ کسی کو بچا سکیں گے اور لوگوںکو گھروں سے نکالنے کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور امیروں کے خالی پڑے گھروں میں بے گھروں کو رہائش دی جائے اوربیماروں اور مزدوروں کی ریاست کفالت کرے۔