آزادکشمیربھرکے عوام کواشیائے خورونوش گھرکی دہلیزپرفراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں،قوم بن کروائرس کوشکست دیناہوگی
مقبوضہ کشمیر میں بھی ریڈ کراس کے ذریعے اشیائے خورونوش اور ادویات پہنچانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں:اپوزیشن لیڈر
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یاسین نے موجودہ مالی سال کے تمام ممبران اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کو کورونا وائرس کے متاثرین کے لئے مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کو تجویز دی کہ وہ تمام ممبران اسمبلی کے ترقیاتی فنڈز کو کرونا واہرس کے متاثرین کیلئے مختص کرتے ہوئے اس رقم کے ذریعے اشیا خورونوش آزاد کشمیر بھر کے عوام کے لیے بلا تخصیص انکے گھروں پرفراہم کی جائیں تاکہ عوام گھروں میں رہ سکیں اور بغیر کسی پریشانی کے کرونا وائرس کو شکست دے سکیں ۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ایک قوم بنکر اس مشکل کا دلیری سے مقابلہ کریں اور حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے اب وقت بہت کم رہ گیا ہے اس لیے اس سال کے مختص شدہ تمام ترقیاتی فنڈز کو کرونا وائرس کے متاثرین کے لئے وقف کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نہیں بھولنا چاہیے جو گزشتہ 8ماہ سے لاک ڈائون کی زندگی گزار رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی ریڈ کراس کے ذریعے اشیا خورونوش اور ادویات پہنچانے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کے خلاف کیے گئے اقدامات بروقت ہیں پیپلزپارٹی ان اقدامات کی بھر پور حمایت اور مکمل سپورٹ کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو انکی دہلیز پر اشیا خوردونوش پہنچانے کے لیے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے وارڈ کی سطح پر زکوٰة کمیٹیوں اور عمائدین علاقہ پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں ۔انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے دیئے گئے ریلیف پیکیج کو اونٹ کے منہ زیرہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتیں فی لیٹر 15روپے کے بجائے 70روپے فی لیٹر کم کی جائیں ،نادرا کے ذریعے مزدوروں کو فی خاندان 10 ہزار روپے کا امدادی پیکیج دیا جائے۔5 ہزار تک کے بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی موخر کی جائے۔ ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو خصوصی الائونس دیتے ہوئے ہسپتالوں میں بیرونی ممالک سے وینٹی لیٹر فوری طور پر درآمد کئے جائیں اور حفاظتی کٹس کی جنگی بنیادوں پر فراہمی کی جائے۔
چودھری یاسین