Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کورونا ٹیسٹ کی مفت سہولت مہیا کی جائے، سعد رفیق

لاہور (نمائندہ کشمیرلنک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں کرونا ٹیسٹ کی سہولت ہی موجود نہیں۔ حکومت تمام پرائیویٹ لیب کے لئے کرونا ٹسٹ کے کم از کم نرخ مقرر کرے۔ سرکاری ہسپتالوں اورہیلتھ سینٹرز میں کرونا ٹیسٹ کی مفت سہولت مہیا کی جائے۔ ہم نے ڈینگی ٹیسٹ کے لئے 800 روپے کو 80 روپے تک لاکر دکھایا تھا۔ کوروناٹیسٹ کا دائرہ سرکاری ہسپتالوں سے رورل ہیلتھ سینٹرز تک پھیلایا جائے۔ ہر ڈسٹرکٹ ہسپتال کو ونٹی لیٹر مہیا کیے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار خواجہ سعد رفیق نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز نرسز پیرا میڈکس ،پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کے پاس حفاظتی کٹس نہ ھونے کے برابر ھیں۔ حکومتیں مقامی سطح پر پرائیویٹ مینو فیکچررز کے ذریعے کرونا حفاظتی کٹس تیار کروائے۔ کرونا ٹیسٹ میٹیریل ، حفاظتی کٹس ، ونٹی لیٹرزکے فوری حصول کے لئے چین سے مدد لی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر یا وزیر اعظم فی الفور چین کا ایک روزہ دورہ کر کے مدد کی اپیل کریں۔ حکومت پنجاب میں کرونا کے خلاف اقدامات کے لئے ڈینگی کو شکست دینے والی شہباز شریف کی ہیلتھ ٹیم سے استفادہ کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف حکومتی اقدامت ناکافی اور سست رفتاری کا شکار ہیں ۔ مریضوں کا ڈیٹا اور اقدامات قوم کے سامنے کیوں نہیں لائے جا ر ہے ؟؟۔
سعد رفیق

Exit mobile version