کرونا بحران کے خلاف قومی اور عالمی سطح پر تمام ممالک کو متحد ہونا ہوگا،سربراہ ٹیڈروس کا ردعمل
واشنگٹن( آن لائن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرف داری اور تعصب برتنے کے الزامات اورامداد بند کرنے کی دھمکیوں کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے صدر ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہاہے کہ امریکی صدر کے بیان سے لگتا ہے کہ وہ کرونا کے عالمی بحران کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈھانوم گیبریوس نے امریکی صدر کے بیان کے جواب میں تین نکاتی رد عمل جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرونا بحران کے خلاف قومی اور عالمی سطح پر تمام ممالک کو متحد ہونا ہوگا۔کوویڈ 19کے بحران کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کرنا ہوگا اور اس عالمی وبا کے خلاف مخلصانہ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عالمی لیڈروں بالخصوص چین اور امریکا کوشفافیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور کسی بھی ملک کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ کرونا وبا کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کرے۔