مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج کی جانب سے حالیہ دنوں میں کشمیریوں کے قتل عام میں اضافہ

سرینگر: مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی فوج نے حالیہ دنوں میں کشمیریوں کے قتل عام میں اضافہ کردیا ہے ،گذشتہ بارہ روز میں 18کشمیریوں کو شہید کیا گیا،قابض فوج نے اہم شاہراوں پر نئے بڑے بڑے فوجی بنکر قائم کردئیے ،شمالی و جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں کو بھارتی فوج نے جمعرات کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشنزشروع کردئیے ،کئی علاقوں میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے،سرینگر میں گرنیڈکے ایک حملے میں چار بھارتی فوجی زخمی ہوئے ،کے پی آئی کو موصولہ رپورٹو ں کے مطابق بھارتی فوج نے حالیہ دنوں خاصکر ماہ رمضان شروع ہوتے ہی کشمیریو ںکے قتل عام میں تیزی لائی ہے ،یلہورہ زینہ پورہ میں ایک ہی ہفتے کے دوران دو آپریشنز میں سات مجاہدین کی ہلاکت کے بعد جنوبی کشمیر میں محض 12روز کے دوران 7مختلف واقعات میں 18 کشمیر ی شہید کئے گئے 17اپریل سے دیارو کیگام شوپیان سے بھارتی فوج نے آپریشن شروع کیا جس میں دو کشمیری نوجوان شہیدہوئے۔22اپریل کو میلہورہ میں خونریز جھڑپ ہوئی جس میں 4 کشمیری مجاہدین شہید ہوئے۔ اسکے دو روز بعد24اپریل کو کھار پورہ آرونی بجبہاڑہ میں ایک پولیس کانسٹیبل کو اغوا کرنے کی کوشش کے دوران ناکے پر جھڑپ ہوئی جس میں دو کشمیری نوجوان شہید ہوئے ۔25اپریل کو گوری پورہ اونتی پورہ میں معرکہ آرائی کے دوران دو کشمیری مجاہد شہید ہوئے جبکہ پیشے سے ترکھان ایک مقامی نوجوان بھی شہید ہوا۔ ۔26اپریل کو گدر کولگام میں گھات لگا کر حملے میں مجاہدین فرار ہوئے تاہم 27اپریل کو مقام جھڑپ پر ایک ایم ٹیک نوجوان طالبعلم کی لاش ملی، جس کے بارے میں پولیس نے دعوی کیا کہ وہ مجاہدین کا عانت کار تھا۔اسی روز یعنی 27اپریل کو ہی لور منڈا میں مسلح تصادم ہوا جس میں 3 کشمیری مجاہد شہید ہوئے۔28اور 29اپریل کی درمیان شب اب میلہورہ میں دوسری معرکہ آرائی ہوئی جس میں 3 کشمیری نوجوان شہید ہوئے۔اس طرح 12روز میں بھارتی فوج نے اٹھارہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا،دریں اثنائ کرالہ گنڈ لنگیٹ ہندوارہ میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی فائرنگ سے ماں بیٹا شدید طور پر زخمی ہوئے۔ دونوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال ہندوارہ لیا گیا جہاں سے انہیں انتہائی نازک حالت میں بارہمولہ اسپتال منتقل کردیا گیا۔دونوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ۔واقعہ کے بعد بڑے پیمانے پر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی گئی ہے۔،قابض فوج نے دہرن اننت ناگ اور امبر پورہ تارزو سوپور کا محاصرہ کیا اور جنگجو مخالف آپریشن کیا۔فوج اور پولیس نے دہرن اننت ناگ نامی گائوں کے شام 7بجے محاصرے میں لیا اور گائوں میں روشنیوں کا انتظام کر کے تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔یہاں رات دیر گئے تک محاصرہ جاری تھا۔ادھر52آر آر کے علاوہ ٹاسک فورس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے سوپور میں امبر پورہ کے سیب باغات کو محاصرے میں لیا اور تلاشیاں شروع کیں۔سرکاری ذرائع کا کہنا تھا کہ سیب باغات میں عسکریت پسندوں کی نقل و حرکت سے متعلق مصدقہ اطلاعات ملنے کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا۔ آخری اطلاعات ملنے تک علاقے کا کریک ڈائون جاری تھا،جمعرات کی صبح بھارتی فوج،سپیشل آپریشن گروپ اور سینٹرل ریزرو فورسز نے بانڈی پورہ کے علاقے گنڈ کیسر اور قرب و جوار کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا، حزب المجاھدین کے نامور کمانڈر شہید سمیر ٹائیگر اور ان کے ساتھی عاقب خان کی دوسری برسی جمعرات کو منائی گئی،آج ہی کے دِن30 اپریل 2018 دروبگام پلوامہ میں میجر شکلا کو شدید زخمی کرنے کے بعد وہ جامِ شہادت نوش کر گئے تھے،نوہٹہ میںمجاہدین کے ایک گرینیڈ حملے میں پولیس و فورسز کے 4اہلکار زخمی ہوئے۔بتایا جاتا ہے کہ رات دیر گئے نوہٹہ علاقے میں مجاہدین نے سیکورٹی فورسز ونگ ایس ایس بی پر گرینیڈ پھینکا جو اہلکاروں کے درمیان زوردار ھماکہ سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر سمیت 4اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔زخمی اہلکاروں میں سب انسپکٹر انوراگ رائو، پولیس کانسٹیبل عبدالمجید، ہیڈ کانسٹیبل سناتا کمار اور کانسٹیبل دو گیش شامل ہیں۔واقعہ کے بعد علاقے کو محاصرے میں لیا گیا،دریں اثناء بھارتی فوج نے کئی اہم شاہراوں پر نئے فوجی بنکرقائم کردئیے ہیں جس سے کشمیریوں میں تشویش کی لہر دوڑگئی ،پاندچھ گاندربل میں بھی 90 فٹ شاہراہ پر سی آر پی ایف کی جانب سے نیا بنکر تعمیر کرنے کے خلاف مقامی آبادی میں تشویش پایا جارہا ہے۔ مقامی آبادی کے مطابق یہاں سے روزانہ خواتین کھیتوں میں آتی جاتی رہتی ہیں جن کو اب بنکر کے سامنے سے گزرنا پڑے گا۔مقامی آبادی نے ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل سے مطالبہ کیا ہے کہ کھیتوں میں جانے والے راستے پر نیا بنکر بنانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہئے خصوصا خواتین کے لئے اب اس راستے پر سفر گوناگوں پریشانیوں کا باعث بن سکتا ہے،کئی علاقوں میں لوگوں نے بھارتی فوج کے اس تازہ اقدام کے خلاف مظاہرے بھی کئے

اپنا تبصرہ بھیجیں