Site icon روزنامہ کشمیر لنک

سدھنوتی،تبلیغی جماعت کے 40افرادکی آمد،ڈیٹاحکومت کے حوالے(علماء وباء کے خاتمے کیلئے ساتھ دیں،سیکرٹری اوقاف)

مساجدمیں نمازاورجمعہ کی ادائیگی طے شدہ ایس اوپیزکے مطابق ہونی چاہیے،جاویدایوب کا علمائے کرام کے اجلاس سے خطاب
تبلیغی جماعت کے حضرات لاک ڈائون سے پہلے یہاں پرآئے ہوئے تھے:پونچھ اورسدھنوتی کے مفتیان کرام کی اجلاس کوبریفنگ
راولاکوٹ،پلندری(نمائندگان کشمیرلنک)سیکرٹری اموردینیہ واوقاف آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار جاوید ایوب نے علمائے کرام پر زور دیا کہ وہ انسانیت کو کورونا وائرس وباء سے بچانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں،نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جس نے ایک جان کو بچایا گویا اس نے ساری انسانیت کو بچایا۔ مساجد میں نماز اور جمعہ کی ادائیگی طے شدہ ایس او پیز کے مطابق ہونی چاہیے۔علماء کرام لوگوں کو بازاروں میں رش نہ بنانے ، عیدالفطر انتہائی سادگی سے بنانے اور اپنی بچت سے غریبوں ناداروں معذوروں کی مدد کی درخواست اور ترغیب دیں۔ سردار جاوید ایوب نے ان خیالات کا اظہار راولاکوٹ میں ڈسٹرکٹ مفتی پونچھ/سدھنوتی مفتی زاہد محمود کے دفتر میں منعقدہ جملہ مکاتب فکر کے جید علماء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں امیر جمعیت علماء اسلام پونچھ ڈویژن مفتی عبدالخالق، پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس، علامہ امجد سمیت دیگر علماء اکرام نے شرکت کی۔ اجلاس کو کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں انسانی جانوں کی حفاظت کے لیے حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عملدرآمدکے سلسلہ میں محکمہ امور دینیہ اور دیگر علماء اکرام کے کردار پر بریف کیاگیا۔ سیکرٹری امور دینیہ نے کہا کہ ریاست بھر کے علمائے کرام نے محکمہ کے مفتیان کرام سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے حکومت اور عوام میں پل کا کردار ادا کیا جس پر ہم اُنہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دریں اثناء سیکرٹری امور دینیہ نے محکمانہ جائزہ اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں ضلع پونچھ اور سدھنوتی کے ضلعی اور تحصیل مفتیان اکرام نے شرکت کی۔ ضلع مفتی پونچھ/سدھنوتی مفتی زاہد محمود نے اجلاس کو بریفنگ دی اور کہا کہ موجودہ عالمگیر وباء کے دوران عوام الناس میں آگاہی مہم چلائی گئی جس میں مساجد سے اعلانات ، اور سوشل میڈیا کا استعمال کیا گیا، تراویح سے پہلے مساجد کا معائنہ بھی کیا جاتا رہا۔ تحصیل مفتی پلندری/ سدھنوتی محمد احمد خان نے بتایا کے لاک ڈائون سے قبل ہی ضلع کے مختلف علاقوں میں موجود تبلیغی جماعت کے افراد جو کراچی خانیوال،پشاور اور پاکستان کے دیگر علاقوں سے آئے تھے ان کو مرکزی مسجد پلندری میں بلا کران کے ذمے داران سے میٹنگ کی24مارچ سے پہلے انکو روانہ کیا۔انتظامیہ سدھنوتی کو ضلع سے جماعت کے ساتھ گئے افراد کاڈیٹا اکٹھا کر کے دیا گیا جن کی تعدار48 ہے واپسی کی تاریخ موبائل نمبر دیئے گئے۔ مالی سال اپریل 2020تک تحصیل دفاتر سے رجسٹریشن کی مد میں ایک کروڑ(10ملین)سے زائد ریونیو داخل خزانہ کروایا گیا۔عوام الناس کو درپیش عائلی مسائل کو حل کرنے کے لئے 400سے زائد فتویٰ جات جاری کئے گئے۔ جس میں شرعی تقسیم وراثت کے حوالے سے محکمہ مال اور فیملی کورٹ دائر کیس میں فریقین یا وکلاء کی درخواست پر سرکاری فتویٰ جات بھی شامل ہیں۔ٹرسٹ کے مدارس کے معاینہ کیلئے گاڑی اور دفتری امور کی انجام دہی کیلئے بنیادی سہولتوں اور بجٹ کے نہ ہونے کی وجہ سے سخت مشکلات پر بھی محکمہ کے سربراہ سردار جاوید ایوب خان کو بریف کیا ۔
سیکرٹری اوقاف

Exit mobile version