Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کوروناکی روک تھام کیلئے حفاظتی تدابیرکی میڈیامیں تشہیرکی جائے(قائم مقام چیف جسٹس)

طبی عملے، پاک آرمی ، پولیس ،رضاکار وں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو فرنٹ لائن پرعوام کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں
اداروں کے بھرپوراقدامات کے باعث کوروناکے پھیلائوکی صورتحال تسلی بخش ہے،چیف سیکرٹری کی ملٹی میڈیابریفنگ
مظفرآباد( خصوصی خبرنگار)قائم مقام چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان کو بدھ کے روز چیف سیکرٹری آزاد کشمیر مطہر نیاز رانانے COVID -19کی موجودہ صورتحال اور اب تک اٹھائے گئے اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر سینئر جج سپریم کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل،سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل طاہر سردار،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ مسعودالرحمان ودیگر بھی موجود تھے۔ قائم مقام چیف جسٹس کو ملٹی میڈیا کے ذریعے مارچ 2020سے کورونا وائرس کے پھیلائو کے روکنے کیلئے کئے گئے حکومتی اقدامات،لاک ڈائون اور دیگر جملہ امور کے سلسلہ میں کئے گئے جملہ اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہاکہ نازک صورتحال میں تمام اداروں نے بہترین خدمات انجام دیں ۔اس دوران آزادکشمیر کے عوام نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد کیا جس کی وجہ سے آزادکشمیر میں کورونا کے پھیلائو کی صورتحال تسلی بخش ہے۔چیف سیکرٹری نے کہاکہ عدلیہ اور بار ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی کرونا فری ماحول بنانا چاہتے ہیں ۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل طاہر سردار نے بتایا کہ آزاد کشمیر میں اس وقت کرو نا کے ٹیسٹ لینے کیلئے تین لیب کام کررہی ہیں جبکہ ایمز مظفرآباد میں چوتھی لیب بھی جلد سروس شروع کر دے گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر جسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کہاکہ آزاد کشمیر میں کرونا کی روک تھام کے لئے کیے گئے اقدامات ، حفاظتی تدابیرکی میڈیا میں بھرپور تشہیر کی جائے تاکہ عوام میں اس حوالہ سے آگاہی پیدا ہو اور مزید حفاظتی تدابیر اختیار کر سکیں ۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر نے وکلاء اور عدالتی عملہ کے لئے کرونا فری ماحول فراہم کرنے کے لئے ہر طرح کے تعاو کی یقین دہانی دلاتے ہوئے چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ جسٹس غلام مصطفی مغل بار کے نمائندگان اور عہدیداران سے رابطہ کر کے اس سلسلہ میں فوری طور پر عملی اقدامات اٹھائیں گے تاکہ وکلاء اور عدالتوں سے متعلقہ عملہ اور سرکاری دفاتر کو کورونا فری بنانے کے لئے عملی کام کیا جاسکے ۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر نے چیف سیکرٹری ، سیکرٹری صحت عامہ اور دیگر متعلقہ سرکار ی عہدیداران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کو ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ۔ قائم مقام چیف جسٹس نے کہاکہ طبی عملے، پاک آرمی ، پولیس اور رضاکار وں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو فرنٹ لائن پر رہ کر اپنی زندگیاں دائو پر لگا کر عوام کی حفاظت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ۔ چیف جسٹس نے حکومت پاکستان اور حکومت آزاد کشمیر کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے بہترین فیصلے کئے جس پر پاکستان میں اس وبا کے اثرات دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں اور اعداد و شمار بھی قدرے کم ہیں ۔ آخر میں تما م شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو جلد اس وباء سے نجات عطا فرمائے ۔
چیف جسٹس

Exit mobile version