نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے2 کا تعلق باغ ،ایک کا راولاکوٹ سے ہے ،اب تک 3245افراد کے ٹیسٹ لئے گئے
ملک بھرمیں وبائی مرض کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35ہزارسے تجاوزکرگئی،اموات میں اب تک خیبرپختونخواسرفہرست ہے
پہلاانٹرو
مظفرآباد( خصوصی خبرنگار) آزادکشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید3افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی جبکہ کرونا کا ایک اور مریض صحت یا ب ہو گیااور 208نئے افراد کے کرونا وائرس کے شبہ میں ٹیسٹ لیے گئے۔نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے02 کا تعلق ضلع باغ جبکہ ایک کا راولاکوٹ سے ہے ۔ آزادکشمیر میں اب تک3245 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے جن میں سے3183 کے رزلٹ آچکے ہیں اور91افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے جن میں سے69افراد صحت یاب ہو چکے ہیںاور انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ21مریض زیر علاج ہیں اور ایک مریض کی موت ہوئی ہے۔ محکمہ صحت عامہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ڈی ایچ کیو راولاکوٹ سے12، ڈی ایچ کیو کوٹلی سے 06،ڈی ایچ کیو باغ سے 03،ٹی ایچ کیوسدھنوتی سے 10مریض،ڈی ایچ کیو بھمبر سے 15،جبکہ نیوسٹی ہسپتال میرپور سے 12،آئسولیشن ہسپتال مظفرآباد سے08،ٹی ایچ کیو ہسپتال ڈڈیال میرپور سے03 مریض صحت یاب ہوئے جنہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔کرونا کے21مریضوں میں سے6ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی، 02 ڈی ایچ کیو ہسپتال باغ،1ڈی ایچ کیو ہسپتال راولاکوٹ،01ڈی ایچ کیو ہسپتال میرپور، 01ڈی ایچ کیو بھمبر،10 آئسو لیشن ہسپتال مظفرآبادمیں زیر علاج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق3092افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی نہیں پائی گئی اور62افراد کے ٹیسٹ کے رزلٹ آنا باقی ہیں۔نئے افراد کے کرونا کے ممکنہ کیسز کے حوالہ سے لیے گے ٹیسٹ کی رپورٹ ایک دو روز میں آجائے گی۔ رپورٹ کے مطابق تمام اضلاع میں 58قرنطینہ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں۔ تمام انٹری پوائنٹس پر محکمہ صحت کا عملہ موجود ہے جو ہمہ وقت مسافروں کی سکریننگ کررہا ہے۔ویرالوجی لیب عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ، ڈویژنل ہیڈکوارٹر ہسپتال میرپوراور سی ایم ایچ راولاکوٹ میں پی سی آر ٹیسٹنگ ہو رہی ہے۔ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے تعاون سے آزادکشمیرمیں قائم تمام آئسولیشن سنٹرز میں انفکیشن ، پری وینشن اینڈ کنٹرول (IPC)ٹریننگ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تمام انٹری پوائنٹس پر ضلعی ریپڈریسپانس ٹیمیں اور صحت کا عملہ کرونا سے متاثرہ علاقوں سے آنے والے لوگوں کی مکمل سکریننگ کر رہا ہے ۔آزادکشمیر کے اضلاع سدھنوتی، بھمبر ، کوٹلی ، میرپور ، نیلم، باغ، اور مظفرآباد کی ریپڈ ریسپانس ٹیمیں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ افراد سے رابطہ میں رہنے والے افراد سے رابطہ کر کے انہیں قرنطینہ سنٹرز اور ہوم قرنطینہ کر رہی ہیں۔
ہیلتھ رپورٹ
دوسراانٹرو
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک میں کورونا سے مزید 16 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 753 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 35101تک جاپہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 267 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 234 اور پنجاب میں 214 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 27، اسلام آباد 6، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر ممیں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔ بروز بدھ اب تک ملک بھر سے کورونا کے مزید 776 کیسز سامنے آئے ہیں اور 16 ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 731 کیسز 16 ہلاکتیں، اسلام آباد سے 43 اور آزاد کشمیر سے 2 کیس سامنے آئے ہیں۔سندھ میں کورونا کے مزید 731 نئے کیسز سامنے آئے اور 16 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلی سندھ نے کی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4223 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 731 نئے مریضوں کے اضافے کے بعد صوبے میں کل کیسز کی تعداد 13341 اور ہلاکتیں 234 ہوگئی ہیں۔وزیراعلی نے کہا اچھی خبر یہ ہے کہ 606 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد اب تک 2835 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے مزید 43 کیسز سامنے آئے ہیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 759 ہو گئی ہے جب کہ دارالحکومت میں وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔پنجاب میں منگل کو کورونا سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی مجموعی تعداد 214 ہوگئی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)پنجاب کے مطابق مزید 1390 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 13259 تک جاپہنچی ہے۔ صوبے میں 4530 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔خیبر پختونخوا میں منگل کو مزید 10 افراد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 267 تک جاپہنچی ہے۔صوبائی محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں 5، مردان میں تین، صوابی اور مالاکنڈ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 146 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5021 تک جاپہنچی ہے۔محکمہ صحت کے پی کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے 1305 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں منگل کو کورونا وائرس کے 97 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد 2158 ہوگئی۔صوبائی ترجمان لیاقت شاہوانی نے نئے کیسز تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہے جب کہ 256 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 18 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 475 ہوگئی ہے۔
کورونا