مالی سال 22-2021 کے لیے آزاد جموں کشمیر کا بجٹ آج پیش کیا جائے، بجٹ کاحجم 141.4 ارب روپے متوقع ہے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم فاروق حیدر کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کا یہ آخری بجٹ ہو گا۔
نئے مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کے لیے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس اسپیکر شاہ غلام قادر اجلاس کی صدارت میں جاری ہے اور وزیر خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی آج بجٹ پیش کریں گے۔ آزادکشمیر بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے 28 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ غیر ترقیاتی اخراجات کے لئے 113.4 ارب روپے رکھے جائیں گے ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ میں 14 فیصد اضافہ کیا گیا ہےجس میں دو ارب روپے کے فارن ایڈ منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں۔ بجٹ میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سیکٹر کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔