وادی نیلم کے علاقے جورا میں سیاحوں کی گاڑی دریا میں جاگری، 5 افرادجاں بحق جبکہ دوبچوں کو زخمی حالت میں دریا سے نکال لیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ وادی نیلم کے علاقے جورا میں پیش آیا جہاں سیاحوں کی گاڑی تیز رفتار کے باعث توازن برقرار نہ رکھ سکی اور دو سو میٹر نیچے دریائے نیلم میں جاگری۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی میں 7افراد سوار تھے جن میں سے 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور دو زخمی ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں نے سے چار کی نعشیں دریا سے نکال لی گئی ہیں جب کہ ایک لاپتہ مسافر کی تلاش جاری ہے۔
دریا سے نکالی گئی نعشوں میں سے دو مردوں کی جبکہ دو خواتین کی ہیں۔
سیاحوں کا تعلق لاہور سے بتایا جا رہا ہے اور وہ سیر سپاٹے کے لیے نیلم آئے تھے، تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ ابھی نیلم ویلی پہنچ رہے تھے یا سیر و تفریح کے بعد واپس جا رہے تھے۔