پاکستان نے امریکہ کی جانب سے چائلڈ سولجرز پروینشن ایکٹ کی فہرست میں پاکستان کا نام شامل کرنے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فہرست میں شامل کرنا حقیقت پسندی سے انحراف ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے امریکی رپورٹ پر اپنے رد عمل میں کہا ہے کہ امریکا سی ایس پی اے لسٹ میں پاکستان کی بے بنیاد شمولیت پر نظرثانی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکہ بچوں کو فوجی دستوں کے لیے استعمال کرنے والے مسلح گروہوں اور ان کی حمایت کے الزامات کی قابل اعتماد معلومات فراہم کرے گا۔
ترجمان کے مطابق رپورٹ کی اشاعت سے قبل امریکہ کی جانب سے ہمارے کسی بھی سرکاری ادارے سے مشاورت نہیں کی گئی ہے۔
ہمیں اس حوالے سے نہ تفصیلات فراہم کی گئیں اور نہ ہی وہ معلومات دی گئی ہیں جن کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے ۔
زاہد حفیظ چوہدری نے موقف اختیار کیا کہ ان حالات میں پاکستان کواس فہرست میں شامل کرنا حقیقت پسندی سے انحراف یا ادراک کی غلطی کا عکاس ہے۔
چائلڈ سولجرز پروینشن ایکٹ کی فہرست میں پاکستان کا نام بغیر کسی بنیاد کے شامل کیا گیا ہے ۔