آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکشن 2021 کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ضلعی انتظامیہ نے ظہور مغل ریٹائرڈ مدرس ، ممتاز مغل ٹرانسپورٹر اور چوہدری محمد شہزاد امیدوار حلقہ نمبر۔2 مظفرآباد کے خلاف FIR درج کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مورخہ 4-7-2021 کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کی نسبت تحقیقات کرنے پر پایا گیا کہ مورخہ 02.07.2021 کو موضع ڈنہ مغلاں بمقام دھڑہ پی ٹی آئی ورکرز کا ایک شمولیتی پروگرام کارنر میٹنگ منعقد ہوئی جس کے منتظمین ظہور مغل ریٹائرڈ مدرس ، ممتاز مغل ٹرانسپورٹر تھے، جس میں امیدوار اسمبلی حلقہ نمبر ۔2 مظفرآباد چوہدری شہزاد نے شرکت کی۔
جس کی نسبت ضلعی انتظامیہ تھانہ پولیس کو کسی قسم کی کوئی پیشگی اطلاع یا نوٹس نہ دیا گیا ۔
جبکہ آزاد جموںوکشمیر الیکشن کمیشن کی طرف سے الیکشن 2021کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری شُدہ ہے جس کے مطابق اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہے جبکہ وائرل ویڈیو میں ورکرز کی جانب سے سرعام اسلحہ ناجائز کی نمائش کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ کی گئی جو کہ ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
جس کی پاداش میں ضلعی انتظامیہ نے ظہور مغل ریٹائرڈ مدرس ، ممتاز مغل ٹرانسپورٹر اور چوہدری محمد شہزاد امیدوار حلقہ نمبر۔2 مظفرآباد کے خلاف FIR درج کر لی ہے۔ یہ بات سیکرٹری( ترجمان ) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ پریس ریلیز میں بتائی گئی ہے ۔