قومی کرکٹر عمر اکمل نے ایک ویڈیو پیغام میں پی سی انٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور معافی مانگ لی۔
عمر اکمل کا ویڈیو پیغام پاکستان کرکٹ بورڈ نے جاری کیا جو ری ہیب کا حصہ ہے۔
عمر اکمل نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ گزشتہ سال مجھ سے غلطی ہوئی جس سے میرے کیریئر اور کرکٹ کو نقصان ہوا، کچھ لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا لیکن میں نے بروقت پی سی بی انٹی کرپشن کو نہیں بتایا۔
انہوں نے کہا کہ فکسنگ کی پیشکش کے بارے میں بروقت نہ بتانے پر مجھے 12 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا، میں اعتراف کرتا ہوں میری غلطی کی وجہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
عمر اکمل نے پیغام میں کہا کہ میں اپنی فیملی، پی سی بی اور دنیا بھر میں کرکٹ فینز سے معافی مانگتا ہوں، کھلاڑیوں سے درخواست کرتا ہوں آپ ملک اور کھیل کے سفیر ہیں کسی بھی مشکوک سرگرمی سے دور رہیں، اگر کوئی مشکوک شخص آپ سے رابطہ کرے تو فوری پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو آگاہ کریں تاکہ آپ کا دامن اور کرکٹ کیریئر پاک رہے۔