Site icon روزنامہ کشمیر لنک

کتے کے کاٹنے سے بچے کی موت، ’پولیس نے کارروائی روکنے کیلئے سادہ کاغذ پر دستخط کروائے‘

لاہور میں کتے کے کاٹنے سے جاں بحق 6 سالہ بچے کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے کارروائی روکنے کے لیے سادہ کاغذ پر ان سے دستخط کروائے، انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

لاہور کے علاقے لیاقت آباد کے یاسمین پارک میں کتے کے کاٹنے سے جاں بحق ہونے والے 6 سالہ بچے بلال کے معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کا والد قانونی کارروائی نہیں کرنا چاہتا، بچے کے والد نے قانونی کارروائی نا کرنے کی درخواست دی ہے۔

پولیس حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کا معاملہ ویسے بھی لوکل گورنمنٹ کا ایشو ہے۔

دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بچے کے والد سلیم کا کہنا ہے کہ وہ ان پڑھ ہیں اور پولیس نے سادہ کاغذ پر ان سے دستخط کروائے، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ لوگ نالے میں کوڑا پھینکتے ہیں اور آوارہ کتے اس میں خوراک تلاش کرتے ہیں، بلال کو کاٹنے والے کتے نے گزشتہ روز بھی کچھ لوگوں پر حملہ کیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ بچے گلیوں میں کھیلتے ہیں تو کتے ان پر حملہ کر دیتے ہیں، آوارہ کتوں کو فوری طور پر ہلاک کیا جائے۔

Exit mobile version